پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز کے وسیع مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کے سُپر فور مرحلے میں کولیفائی کرلیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے گروپ اے کے ڈو اینڈ ڈائی مقابلے میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کی جانب سے محمد رضوان ناقابلِ شکست 78، فخر زمان 53 اور خشدل شاہ نے جارہانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرکے 5 چھکوں کی مدد سے 35 رنز اسکور کیے جب کہ بولنگ میں ہانگ کانگ کے احسن خان دو وکٹیں حاصل کرسکے۔
پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 11ویں اوور میں 38 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ کی دوسری اننگز میں ہانگ کانگ کا کوئی بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے کریس پر نہ ٹک سکا اور کھلاڑی یکے بعد دیگرے اپنی وکٹ گنواتے چلے گئے۔
بولنگ میں گرین شرٹس کے نائب کپتان شاداب خان 8 رنز دیکر 4 وکٹیں، محمد نواز 5 رنز کے عوض 3 جب کہ نسی شاہ 7 رنز کے بدلے دو کھلاڑیوں پویلئن بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔
شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 78 رنز کی اننگ کھیلنے پر محمد رضوان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں اگلا ٹاکرا ایک بار پاکستان اور بھارت کے درمیان 4 ستمبر بروز اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔