پاکستان بھر میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران سخت گرمی اور ہیٹ ویو کا سامنا متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے ابتدائی مون سون کی وارننگ جاری کردی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ عید کے دنوں میں شدید گرمی کا تسلسل برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد کے بارے میں تازہ ترین موسمی ایڈوائزری کے مطابق، دن کے اوقات میں درجہ حرارت انتہائی زیادہ رہے گا۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم سوات، چترال، کوہستان، مہمند، کرم، اور خیبر کے کچھ علاقوں میں شام کے وقت ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے میدانوں میں خاص طور پر شدید گرمی اور خشک موسم رہے گا، جبکہ دوپہر کے اوقات میں گرد آلود آندھیاں اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں نشیبی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے۔ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کو دوپہر کے وقت براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شمالی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ جنوبی علاقوں میں 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ یہ صورتِ حال 12 جون تک برقرار رہ سکتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی، محکمہ موسمیات نے آنے والے مون سون سیزن سے متعلق ایک ابتدائی انتباہ بھی جاری کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل میاں معین وٹو کی زیر صدارت وفاقی فلڈ کمیشن کے اجلاس میں ممکنہ سیلابی صورت حال اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی سے ستمبر کے درمیان معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں جن میں شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں سب سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔ حکام کو شہری و دریا بردہ سیلاب کے خطرات کے پیشِ نظر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








