اسلام آباد:جی 20 ممالک سے مئی تا دسمبر 2020ء کے لیے قرض ریلیف کا معاملہ، پاکستان کے قرض ریلیف کے لیے 16 ممالک کے ساتھ 36 معاہدے مکمل، 80 کروڑ ڈالر کا قرض ریلیف حاصل کر لیا گیا۔
رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان چین سے 34 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، امریکا سے 12 کروڑ 83 لاکھ ڈالر، فرانس سے 17 کروڑ اور جرمنی سے 8 کروڑ 61 لاکھ ڈالر، سویڈن سے ایک کروڑ 44 لاکھ اور کینیڈا سے 80 لاکھ ڈالر کا قرض ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر ریلیف کے لیے 5 ممالک سے مذاکرات جاری ہیں۔ روس، جاپان، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے معاہدے کیے جائیں گے۔ پانچ ممالک کے ساتھ 31 دسمبر 2020ء تک مذاکرات مکمل ہو جائیں گے۔یہاں سے بھی بہتری کی امید کی جارہی ہے۔
پاکستان نے امریکا کے ساتھ 9، چین کے ساتھ 8، بیلجیئم، کینیڈا، سپین، نیدرلینڈز، جرمنی کے ساتھ 2، 2، آسٹریلیا، فن لینڈ، فرانس، اٹلی، جنوبی کوریا کے ساتھ ایک، ایک، کویت، ناروے، سوئٹزرلینڈ اور سویڈن کے ساتھ ایک، ایک معاہدہ مکمل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو دوسرے مرحلے میں 80 تا 90 کروڑ ڈالر قرض ریلیف کی توقع ہے۔ دوسرے مرحلے میں جنوری تا جون 2021ء کے لیے قرض ریلیف کا امکان ہے۔اگر یہ ریلیف مل جاتا ہے تو یہ ملک کے لئے نیک شگون ہوگا۔