اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزیر اکبر خان اور شیر شاہ سوری نامی مساجد پر دہشت گردوں کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن کے دوران متعدد نمازی شہید ہو گئے۔
اس حوالے سے دفترِخارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں ممتاز علمائے دین ڈاکٹر ایاز نیازی اور مولوی عزیز اللہ مفلح سمیت دیگر معصوم نمازی شہید ہوئے۔
دفترِ خارجہ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کو اس کی تمام صورتوں اور اظہاریوں سمیت شدید قابلِ مذمت ٹھہرانے کا اعادہ کرتا ہے جبکہ شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمیں دلی ہمدردی ہے۔
بیان میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی جبکہ لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دُعا کی گئی ہے۔ پاکستان نے افغان عوام سے یکجہتی اور دہشت گردوں کے حملوں سے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران کابل کی ایک مسجد میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 4 نمازی شہید جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ بم حملوں کی ذمہ داری کسی جنگجو تنظیم نے قبول نہیں کی۔