اسلام آباد، ایوانِ صدر میں یومِ پاکستان کی آج ہونیوالی پریڈ منسوخ

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد:  ایوانِ صدر میں آج منعقد ہونے والی یومِ پاکستان کی پریڈ کی تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔ 23مارچ کے روز تقریب کو بارش کے باعث ملتوی کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈے پریڈ 23 مارچ کو بارش کے باعث ملتوی کی گئی تھی جسے آج منعقد کیاجانا تھا۔ ایوانِ صدر کی پارکنگ میں منعقد کی جانے والی پریڈ کو منسوخ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:

انٹرویو نہیں دیا، دعوے پر کارروائی ہوگی۔ سابق آرمی چیف

قبل ازیں ہر سال شکر پڑیاں گراؤنڈ میں یومِ پاکستان کی تقریب منعقد کی جاتی تھی، تاہم روایتی پریڈ کو کفایت شعاری پالیسی کے تحت محدود پیمانے پر منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پریڈ نامعلوم وجوہات کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ہر سال اسلام آباد میں منعقد ہونے والی یومِ پاکستان پریڈ ملک بھر میں دلچسپی سے دیکھی جاتی ہے۔ تقریب میں صدرِ مملکت، وزیر اعظم، وفاقی وزراء اور اراکینِ اسمبلی کے علاوہ عسکری حکام کی بڑی تعداد شریک ہوتی ہے۔

پاک فضائیہ، بری و بحری افواج کے سربراہان سمیت پاک فوج کے جوان بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کرتے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے مارچ پاسٹ، فضائی کرتب اور آلاتِ حرب کی نمائش کی جاتی ہے۔

یومِ پاکستان کے موقعے پر پاکستانی ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرامز نشر کیے جاتے ہیں جن میں پاکستان ڈے کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی قوم نے مختلف میدانوں میں کیا کیا کارہائے نمایاں سرانجام دئیے۔ 

Related Posts