راولپنڈی: پاکستان کے کپتان بابراعظم نے 3میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں آج شروع ہوگیا ہے،این سی او سی کے فیصلے کے مطابق 100 فیصد تماشائیوں کو پنڈی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب تمام آن لائن ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔
اس سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 25 ٹیسٹ سیریز کھیلی جاچکی ہیں جس میں سے 13 آسٹریلیا نے اور 7پاکستان نے جیتیں۔
دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان میں مدمقابل آئی تھیں، جہاں مارک ٹیلر کی زیرقیادت مہمان ٹیم نے سیریزمیں ایک صفرسے کامیابی حاصل کی تھی ۔
یو اے ای میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے سرفراز احمد کی زیرقیادت2018 میں اپنی ہوم سیریز ایک صفر سے جیتی تھی۔ اگلے سال پاکستان آسٹریلیا پہنچا تو وہاں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا نے دو صفر سے فتح سمیٹی۔