پاکستان نے امریکا ایران مذاکرات میں فریقین کے رویے کو تعمیری قرار دے دیا۔ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ ہماری قیادت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں اہم اور مؤثر سفارتی کردار ادا کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف امریکی ٹی وی پروگرام میٹ دی پریس کی میزبان کرسٹن ویلکر سے گفتگو کے دوران امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
گفتگو کے دوران پاکستانی سفیر نے کہا کہ تمام تر سفارتی عمل کے دوران اعلیٰ سطحی کاوشیں جاری رہیں اور پاکستان نے مذاکرات میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے اپنی مثبت روایات کو برقرار رکھا ہے، اس دوران مصر، ترکیہ اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے بھی تعاون اور حمایت کی۔
سفیر پاکستان نے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مذاکرات میں فریقین کی جانب سے تعمیری رویہ دیکھنے میں آیا، جو ایک خوش آئند پیشرفت قرار دی جاسکتی ہے۔ بنیادی طور پر پاکستان مذاکرات کا ایک سہولت کار ہے جبکہ اصل ذمہ داری متعلقہ فریقین پر عائد ہوتی ہے کہ وہ مذاکرات سے باہمی مسائل کا حل نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم اور بات چیت ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔ پاکستان سمیت عالمی برادری امریکا ایران تنازعے کے پر امن حل کیلئے نیک خواہشات رکھتے ہیں، دیر پا امن کے قیام کیلئے سفارت کاری کو مکمل موقع دینے کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








