پاکستان نے جوہری ہتھیاروں میں کمی کیلئے عالمی سطح پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نے سخت بیان دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں جوہری ہتھیاروں سے متعلق فرسٹ کمیٹی کے مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون نے فزائل میٹریل کنٹرول کے دوہرے معیار پر تنقید کی اور کہا کہ نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کا جوہری صلاحیتوں سے انضمام عالمی سلامتی کیلئے مزید پیچیدگی کا باعث ہے۔
مباحثے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عثمان جدون نے کہا کہ وہ جائز وجوہات تسلیم کرنا ضروری ہے جن کے باعث ریاستیں جوہری ہتھیار حاصل کرتی ہیں جن میں بڑے فوجی خطرات، حل طلب تنازعات، مؤثر سلامتی کے نظام کی عدم موجودگی اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد نہ کیا جانا شامل ہے۔
گفتگو کے دوران عثمان جدون نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیار لے کر آنے والا ملک ہے جس نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر پاکستان کے ساتھ تنازعے میں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔ فزائل میٹرئیل کٹ آف ٹریٹی کی موجودہ پالیسی کو مزید فروغ دینے کا وقت گزر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک جوہری ہتھیار ختم نہ کردئیے جائیں، غیر جوہر ریاستوں کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال یا خطرات سے تحفظ دینے کیلئے قانونی معاہدے کی تیاری نہایت اہم ہے۔ واضح رہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دنیا کی ہر غیر جوہری مملکت خوفزدہ ہے جبکہ جوہری ہتھیاروں میں اضافے کا عمل بھی جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








