پاکستان نے ویزا نہیں دیا اس لیے والد سے ملاقات نہیں ہوسکتی! جانیں قاسم خان کا حکومت پر الزام اور حقیقت

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سابق وزیرِ اعظم اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان نے حکومت پر الزامات لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ان کی اور ان کے بھائی سلیمان خان کی ویزا درخواستیں جان بوجھ کر مسترد کر دی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے والد سے ملاقات کے لیے ملک نہیں آ سکتے ہیں۔

قاسم خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ اور ان کے بھائی پاکستان آ کر اپنے والد سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن حکام ان کی ویزا درخواستوں کو پروسیس کرنے سے انکار کر رہے ہیں جس کے باعث ملاقات ممکن نہیں ہو پا رہی۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان دسمبر 2025 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور گزشتہ 914 دنوں سے الگ قید میں رکھا گیا ہے جس کے باعث ان کی صحت خراب ہو رہی ہے اور انہیں آزاد طبی معائنے تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ قاسم خان نے اس رویے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیدی کے ساتھ ایسا کرنا ظلم ہے اور اس کی اولاد کو والد سے ملاقات سے روکنا اجتماعی سزا کے مترادف ہے۔

قاسم خان نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مختلف ممالک کی حکومتوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں آواز اٹھائیں اور فوری کارروائی کریں قبل اس کے کہ ناقابلِ واپسی نقصان ہو جائے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عمران خان کی صحت اور طبی نگہداشت کے حوالے سے تنازع شدت اختیار کر چکا ہے۔ ان کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ذاتی ڈاکٹروں تک رسائی نہیں دی جا رہی جبکہ حکومتی حکام کا موقف ہے کہ عمران خان کو قانون کے مطابق دستیاب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

قاسم اور سلیمان خان نے اپنی ویزا درخواستیں دسمبر 2025 میں جمع کروائی تھیں جن میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ جنوری 2026 میں پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ عمران خان کے دونوں بیٹے پاکستانی شہریت کے حامل ہیں جبکہ ان کے پاس برطانیہ کی دہری شہریت بھی ہے۔ سابق وزیر اعظم کے دونوں صاحبزادے نائیکوپ پر پاکستان کا سفر کرسکتے ہیں جس کے لیے انہیں کسی ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔

گزشتہ سال اگست میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا تھا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے پاکستانی شہری ہیں اور وہ اپنے نائیکوپ کارڈ پر پاکستان آئے گے تاہم کچھ روز بعد علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کے بچوں میں سے ایک کا نائیکوپ (اوورسیز پاکستانیوں کا شناختی کارڈ) گُم ہو گیا ہے اور دوسرے کو مل نہیں رہا۔

علیمہ نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں کے نائیکوپ کی میعاد اگلے چھ، سات سال تک ہے اور اگر حکام چاہیں تو انھیں شناختی کارڈ نمبر کی بنیاد پر پاکستان آنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔

Related Posts