مردوں نے تو 3 بار شرمندہ کروایا! کیا پاکستان کی ویمنز ٹیم کل بھارت کا مقابلہ کرپائے گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan eye historic win over India in high-stakes Women’s World Cup clash
ONLINE

کولمبو: آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا سب سے زیادہ زیر بحث میچ کل اتوار کو سری لنکا کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان اور بھارت کی خواتین ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ مقابلہ نہ صرف روایتی پاک بھارت کشیدگی کا ایک اور باب ثابت ہوگا بلکہ پاکستان ویمن ٹیم کے لیے تاریخ بدلنے کا موقع بھی ہوگا کیونکہ قومی ٹیم اب تک کسی ایک روزہ میچ میں بھارت کو شکست نہیں دے سکی ہیں۔

میچ سے قبل سب سے زیادہ بحث اس بات پر ہو رہی ہے کہ آیا دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے مصافحہ کریں گی یا نہیں۔

یہ میچ سری لنکا میں اس لیے کھیلا جا رہا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ کھیلوں پر پابندیاں برقرار ہیں۔

اسی پس منظر میں یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آیا کھیل سیاست پر غالب آئے گا یا پھر دونوں ٹیمیں دوبارہ ایک دوسرے سے دوری اختیار کریں گی جیسا کہ ایشیا کپ 2025 میں ہوا، جہاں بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں دو راؤنڈ میچز کے بعد فائنل میں بھی بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ریکارڈ نویں بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

کل کھیلا جانے والا یہ میچ ورلڈ کپ کا چھٹا مقابلہ ہوگا، جو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں اور شائقین بے چینی سے اس بات کے منتظر ہیں کہ آیا پاکستان تاریخ رقم کرے گا یا بھارت اپنی بالادستی برقرار رکھے گا۔

ساتھ ہی یہ سوال بھی موجود ہے کہ کیا کھیل میں کھیل کا جذبہ نمایاں ہوگا یا مصافحے کی علامت ایک بار پھر سیاست کی نذر ہو جائے گی۔

Related Posts