پاکستان کو دنیا کا 17واں سب سے زیادہ فیاض (سخاوت کرنے والا) ملک قرار دیا گیا ہے، جیسا کہ برطانیہ میں قائم چیریٹیز ایڈ فاؤنڈیشن (CAF) نے پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی (PCP) کے اشتراک سے شائع کردہ “ورلڈ گیونگ رپورٹ 2025” میں بتایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک سروے میں 101 ممالک میں سخاوت کی سطح کو تین بنیادی اشاریوں کے ذریعے جانچا گیا، اجنبیوں کی مدد کرنے کی رضامندی، مالی عطیات اور رضاکارانہ کام میں صرف کیا گیا وقت۔ پاکستان نے ان تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی، بالخصوص مالی عطیات کے شعبے میں جہاں پاکستانی شہریوں نے اپنی آمدنی کے تناسب سے عطیات دینے کے حوالے سے دنیا بھر میں 17واں مقام حاصل کیا۔
“ورلڈ گیونگ رپورٹ 2025” پاکستان کی گہری بنیادوں پر قائم فلاحی روایات کو اجاگر کرتی ہے، جن میں رسمی فلاحی ادارے سے لے کر غیر رسمی مدد کے نیٹ ورکس تک شامل ہیں۔ یہ سرگرمیاں صحت، تعلیم، آفات میں امداد، اور غربت کے خاتمے جیسے اہم شعبوں میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
رپورٹ میں اس عالمی رجحان کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ معاشی مشکلات کے باوجود سخاوت کے عمل میں کمی نہیں آئی۔ پاکستان کی کارکردگی کو اجتماعی ذمہ داری اور معاشرتی مزاحمت (social resilience) کی ایک مؤثر مثال کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی 2001 سے مقامی سطح پر فلاحی کاموں کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ یہ ادارہ شفافیت، غیر منافع بخش اداروں کی تصدیق اور عوام و نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دینے کے ذریعے ملک کے فلاحی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور خیراتی سرگرمیوں کے اثرات کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








