سلہٹ ٹیسٹ، پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 وکٹس کے نقصان پر 101رنز بنالیے

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کے 437رنز کے ہدف کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں 2وکٹس کے نقصان پر 101رنز بنا لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنے کیلئے اب بھی مزید 336رنز درکار ہیں۔ قومی ٹیم کے اوپنرز اذان اویس اور عبداللہ فضل آج اننگ کے آغاز میں کچھ دیر تک کریز پر رہنے کے بعد بالترتیب 21 اور 6رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

عبداللہ فضل کو 27 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیشی بولر ناہید رانا کی گیند پر مہدی حسن میراز نے کیچ آؤٹ کردیا جبکہ اذان اویس 41 کے مجموعی اسکور پر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں محتاط بیٹنگ کی۔ شان مسعود 55 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 41رنز جبکہ بابر اعظم 2چوکوں کی مدد سے 25گیندوں پر 24رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 390رنز پر آؤٹ ہوئی جس میں مشفق الرحیم کے 137 رنز اور وکٹ کیپر لٹن داس کے 69رنز کے علاوہ اوپنر محمود الحسن جوائے 52رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہے۔

Related Posts