پتراجایا: پاکستان اور ملائیشیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے پاک بھارت برصغیر میں پائیدار امن کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یہ اتفاقِ رائے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ملائیشیا کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران ہوا، جو ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم انور ابراہیم نے موجودہ عالمی جغرافیائی غیر یقینی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دفاع، انسدادِ دہشت گردی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم برصغیر پاک و ہند میں امن کے خواہاں ہیں، کیونکہ یہ خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
JOINT STATEMENT BETWEEN MALAYSIA AND THE ISLAMIC REPUBLIC OF PAKISTAN ON THE OCCASION OF THE OFFICIAL VISIT OF HIS EXCELLENCY MUHAMMAD SHEHBAZ SHARIF, PRIME MINISTER OF THE ISLAMIC REPUBLIC OF PAKISTAN TO MALAYSIA, 5 – 7 OCTOBER 2025 pic.twitter.com/ZohUJ6qiWU
— Wisma Putra (@MalaysiaMFA) October 6, 2025
پریس کانفرنس کے دوران ایک دلچسپ موقع اُس وقت آیا جب انور ابراہیم نے پاکستان سے 200 ملین ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی درآمد سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا بھائی قرار دیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے اقتصادی و تجارتی تعلقات کو متوازن اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملائیشیا نے پاکستان میں خوراک و مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر پام آئل کی برآمد میں اضافے کی خواہش ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سپلائی چین کو مستحکم، پائیدار اور ماحول دوست اصولوں کے مطابق برقرار رکھا جائے گا۔
عالمی سطح پر حلال مصنوعات اور سروسز کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر، دونوں ممالک نے حلال سرٹیفکیشن، فوڈ سپلائی چین اور مصنوعات کی تیاری کے شعبوں میں قریبی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے اعظم نے 1997 سے جاری دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تربیت، دفاعی ٹیکنالوجی اور انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
دورے کے اختتام پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








