اسلام آباد: پاکستانی مشن کمانڈر نے میزبان بحریہ اور سول حکام سے اہم ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے دو جہازوں پی این ایس اصلت اور معاون کا افریقہ میں گھانا کی بندرگاہ تاکورادی کا دورہ کیا ،پاکستانی مشن کمانڈر نے میزبان بحریہ اور سول حکام سے اہم ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس موقع پر مشن کمانڈر نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کو بھی خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ مشن کمانڈر نے بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے مظالم سے گھانا کے حکام کو آگاہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ بندرگاہ میں قیام کے دوران پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت گھانا میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ ترجمان کے مطابق میڈیکل کیمپ میں 2600 سے زائد افراد کو علاج، آپریشنز اور ادویات کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
ترجمان نے بتایاکہ گھانا کے عوام نے پاک بحریہ کے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بڑے پیمانے پر سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ترجمان کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج کا فروغ، دوطرفہ بحری تعاون کا مزید استحکام اور انسانی ہمدردی کے جزبے کو فروغ دینا ہے۔