وزیراعظم پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے جاری مذاکرات کی کاوشوں کا خیر مقدم اور حمایت کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ پاکستان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان خطے کے امن و استحکام کے مفاد میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی جاری کوششوں کا خیرمقدم اور مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی کے بعد پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے جامع تصفیے کیلیے بامعنی مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے اور میزبانی کیلیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ پاکستان اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے۔
قبل ازیں فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے امریکی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کی ترجمان وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کردی۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔
واشنگٹن میں امریکی صحافی نے میمفس سے وائٹ ہاؤس واپسی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا نائب صدر ایرانیوں سے مذاکرات کے لیے پاکستان جا رہے ہیں لیکن ٹرمپ سوال کو نظرانداز کرگئے اور نائب صدر کی پاکستان روانگی کے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر وہاں سے گزر گئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








