اسلام آباد: پاکستان ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے چین سے کورونا ویکسین سینو واک کی 5لاکھ خوراکوں کی ایک اور کھیپ پاکستان کو موصول ہوگئی۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ ویکسین لانے والا پی اے ایف کا طیارہ اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پہنچا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے واضح کیا کہ یہ ویکسین چین سے ادائیگی پر حاصل کی گئی ہے یہ مفت نہیں ملی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے رواں ماہ کے شروع میں سینوواک کی ویکسین پاکستان میں فروخت کرنے کی اجازت دی تھی جبکہ سینو واک کی 5 لاکھ خوراکیں نجی شعبے کے تحت فروخت کی جائینگی۔
اس سے قبل وزارت صحت کے ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستان کو کین سائنو اور سینوفارم ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں چین سے ملی ہیںجبکہ 31 مارچ کوپاکستان نے چین سے کین سائنوویکسین کی بھی پہلی کھیپ وصول کی تھی۔
پاکستان نے ویکسی نیشن مہم کا آغاز فروری میں چین کی حکومت کی طرف سے دی گئی ویکسین سے کیا تھا، ویکسی نیشن مہم فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز اور سینئر شہریوں کی ٹیکہ لگانے کے ساتھ شروع ہوئی۔ حکومت نے اب 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی رجسٹریشن کرلی ہے۔