پاکستان نے سارک کے احیا کیلئے چین اور ایران کو منصوبے کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کردی ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سارک چارتر ڈے کے موقعے پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ مل کر تجارت، توانائی اور باہمی روابط کے فروغ کیلئے تیار اور خطے کیلئے تعاون کو فروغ دینے کی پالیسی کا اعادہ کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ مل کر مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے جس کا مقصد پورے خطے کو اس کے ثمرات سے مستفید کرنا ہے۔ خطے کی اہم ریاستوں بشمول ایران اور چین کو بھی سارک کے احیا کے منصوبے کا حصہ بنایا جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سارک چارٹر ڈے ہمیں جنوبی ایشیا کے امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ خواب کی یاد دلاتا ہے۔ آج بھی یہ خطہ غربت، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور غذائی عدم تحفظات کے خطرات جھیل رہا ہے جسے عوامی صحت کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غذائی و توانائی عدم تحفظ اور عوامی صحت کے مسائل جیسے چیلنجز سرحدوں سے ماورا ہیں جن کا سامنا کرنے کیلئے خطے کے ممالک کو باہمی اعتماد، جذبہ خیر سگالی اور باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








