اسلام آباد: کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد تک جا پہنچی ہے، جب کہ مزید 40 افراد وائرس کے باعث اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا کے 42845 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3449 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 40انتقال ہوئے۔
سرکاری اعد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13757 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 19259 تک پہنچ گئے ہیں، فعال کیسز کی تعداد 27188 ہے۔
24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 813 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 578314 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 262503 ہوگئی ہے جب کہ 4473 افراد اپنی زندگیاں گنواں بیٹھے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 193054 ہے اور 5919 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19290 اور ہلاکتیں 202 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 77972 اور 2196 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 11377 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 328 افراد انتقال کرگئے۔
گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وباء کے مریضوں کی تعداد 4967 ہے اور 103 افراد اپنی زندگیاں گنوا بیٹھے ہیں۔ پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 50096 ہے اور اب تک 536 مریضوں کا انتقال ہوچکا ہے۔