کراچی :40 سال سے کم عمر افراد ایسٹرا زینیکا کورونا ویکسین کا استعمال نہیں کرسکتے ،حکومت نے ویکسین کے استعمال کے لئے نئی پالیسی کااعلان کردیا۔
40 سال سے کم عمر لوگوں کے لئے پابندی صنف سے قطع نظر ہے،ہدایات میں ایک اور تبدیلی یہ ہے کہ خوراکوں کے درمیان وقفہ پہلے بیان کردہ 8تا12 ہفتوں کے بجائے 12 ہفتوں کا ہوگا۔
پاکستان کو ایسٹرا زینیکا کورونا وائرس ویکسین کا پہلا بیچ 8 مئی کو موصول ہواان دو تبدیلیوں کی تصدیق ہیلتھ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کی۔
ڈاکٹر صفدر کاکہنا ہے کہ ان دونوں تبدیلیوں سے آپریشنل آسانی پیدا ہوگی۔ ڈاکٹر صفدر نے کہا ہے کہ نئے اعداد و شمار اور تحقیق کی بنیاد پر کورونا ویکسین کے استعمال سے متعلق بین الاقوامی رہنما خطوط تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹر صفدر نے کہاکہ اگر ضرورت محسوس کی گئی تو ایسٹرا زینیکا کی ویکسین کے استعمال سے متعلق رہنما اصولوں پر دوبارہ نظر ثانی کی جائے گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں کورونا ویکسین ہر عمر کے شہریوں کیلئے 16 مئی سے مفت دستیاب ہوگی۔
کراچی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ بھر میں کورونا ویکسین ہر عمر کے شہریوں کیلئے 16 مئی سے مفت دستیابی کا اعلان کیا۔
گفتگو کے دوران ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ وہ پہلا صوبہ ہوگا جہاں کورونا ویکسین 40 سال سے کم عمر افراد کیلئے بھی دستیاب ہوگی جبکہ ملک بھر میں کورونا ویکسین زائد العمر افراد اور ہیلتھ ورکرز کو لگائی جارہی ہے۔