لاہور :آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ کی قیادت بسمہ معروف کررہی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی بھی ورلڈکپ میں بسمہ معروف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گی۔
اٹھائیس سالہ کرکٹر 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں جاری رہنے والے ایونٹ میں یہ بھاری ذمہ داری ادا کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔بسمہ معروف اب تک 36 ٹی ٹونٹی میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرچکی ہیں۔
بسمہ معروف ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 2000 سے زائد رنز بنانے والی واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔ وہ محدود طرز کے اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے 11 نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکی ہیں۔میگا ایونٹ میں بسمہ معروف کو جویریہ خان اور ندا ڈار کی صورت میں تجربہ کار خواتین کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہوگا۔
دونوں کرکٹرز محدود فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی خواتین کھلاڑیوں کی فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔دو تجربہ کار کرکٹرز سمیت باصلاحیت کرکٹرز منیبہ علی ، عمیمہ سہیل اور عائشہ نسیم کی 15 رکنی اسکواڈ میں شمولیت سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہوا ہے جو کپتان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔
منیبہ علی نے آخری مرتبہ نومبر 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ بائیں ہاتھ کی بیٹر نے چند روز قبل کراچی میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ کی 5 اننگز میں 58 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 292 رنزبنائے تھے۔
ایونٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کرنے والی منیبہ علی کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیادپر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ پر نظر ڈالی جائی تو سب سے پہلے انعم امین کا نام سامنے آتا ہے۔
نئی بال کی اسپیشلسٹ باؤلر انعم امین یکم جنوری 2019 سے اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔ وہ گذشتہ 8 میچوں میں 16 کی اوسط اور ساڑھے چھ کے اکانومی ریٹ سے 13 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔
انعم امین کے علاوہ لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ اور بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والی سعدیہ اقبال سمیت تجربہ کار ندا ڈار، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ پر مشتمل باؤلنگ اٹیک ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کو اعزاز سمجھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یقیناََ میگا ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے مگر وہ اب تک اس کردار میں کرکٹ کو انجوائے کررہی ہیں۔
بسمہ معروف نے واضح کیا کہ وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
مزید پڑھیں:ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان، ثنا میر کو ڈراپ کردیا گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








