راولپنڈی: پاکستانی سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ پانچ دہشتگرد شدید زخمی ہوئے۔
یہ کارروائی 24 اکتوبر کو وانڈا شیخ اللہ کے علاقے میں کی گئی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن غیر معمولی عسکری مہارت کے ساتھ انجام دیا گیا جس کے دوران دہشتگردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا گیا۔
علاقے میں اب بھی سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دہشتگردوں کو گرفتار یا ختم کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں ایسے آپریشنز جاری رہیں گے جب تک آخری دہشتگرد کا خاتمہ اور مکمل امن بحال نہیں ہو جاتا۔
سیکورٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ حالیہ مہینوں میں فتنہ الخوارج کے اندرونی اختلافات میں اضافہ ہوا ہے۔
تنظیم کی متعدد ذیلی شاخیں سرحدی علاقوں میں کارروائیوں کے دوران تباہ ہو چکی ہیں جس سے تنظیمی ڈھانچہ کمزور اور قیادت غیر یقینی کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق تنظیم کے سربراہ نور ولی نے اپنے جنگجوؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موبائل فون کا استعمال نہ کریں تاکہ ان کی نقل و حرکت کا سراغ نہ لگایا جا سکے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی علاقوں میں روپوش رہیں اور عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کریں۔
اطلاعات کے مطابق تنظیم کے شدت پسند مختلف علاقوں میں موجود مذہبی مدارس اور گیسٹ ہاؤسز کو دیسی ساختہ بم تیار کرنے اور اپنے کارکنوں کو پناہ دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








