او آئی سی مذمت تک محدود، پاکستان نے غزہ کیلئے امداد روانہ کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے منظم قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے، دوسری طرف پاکستان نے غزہ کیلئے ساتویں امدادی کھیپ روانہ کردی۔

ترکیہ میں او آئی سی وزرائے اطلاعات کے غیر معمولی اجلاس میں کہا گیا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی نسل کشی اور قتل عام کی اسرائیلی منظم مہم انتہائی قابل مذمت ہے۔

او آئی سی کا کہنا ہے کہ اسرائیل اپنے مذموم اقدامات کو چھپانے کے لیے گمراہی پھیلا رہا ہے۔ سچ کی آوازوں کو دبانے کےلیے فلسطینی صحافیوں کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم نے مزید کہا کہ خطے میں امن کا واحد راستہ فلسطینیوں کے حقوق کو تسلیم کرنا ہے۔

دریں اثنا پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کےلیے پاکستان سے امدادی سامان کی ساتویں کھیپ روانہ کی گئی ہے۔

امدادی سامان روانگی کی تقریب میں پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر اور وزارت خارجہ کے حکام موجود تھے۔

فلسطینیوں کےلیے بھیجے گئے 300 ٹن امدادی سامان میں دوائیں، کمبل، اشیاء خورونوش اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں۔ امدادی سامان مصر پہنچنے کے بعد غزہ روانہ کیا جائے گا۔

Related Posts