ایرانی صدر کا انتقال، پاکستان کا ہمسایہ ملک سے اظہارِ یکجہتی، پرچم سرنگوں

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان کا ایران سے اظہارِ یکجہتی
(فوٹو: ای ٹریبیون)

اسلام آباد: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد پاکستان ہمسایہ ملک سے اظہارِ یکجہتی کررہا ہے، سبز ہلالی پرچم آج بھی سرنگوں رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آج ایرانی حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ملک بھر میں یومِ سوگ کا اعلان کیا، آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا ، کابینہ ڈویژن سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی آج یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔

اتوار کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وزیر خارجہ سمیت اپنے رفقاء کے ہمراہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ آنجہانی صدر کی نمازِ جنازہ آج ایرانی شہر تبریز میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین جمعہ کے روز ہوگی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اعلیٰ قیادتوں نے صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال کو عظیم سانحہ قرار دیتے ہوئے ایران سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

پاکستان سمیت بعض دیگر ممالک نے بھی ایران سے یکجہتی کے اظہار کیلئے یومِ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی اندوہناک حادثے میں وفات پر پیر کے روز بھی سوگ کا اعلان کیا۔ پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کا شریک ہے۔

Related Posts