اربوں روپے کے ترقیاتی کام کیلئے حکومت کا ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدہ

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِجوانان عثمان ڈار کے مطابق سیالکوٹ اور ساہیوال میں 40 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کیلئے حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدہ کیا۔

معاونِ خصوصی عثمان ڈار کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے مالی امداد کی فراہمی کا معاہدہ کیا۔ پنجاب کے 2 اضلاع میں ترقیاتی کام ہوں گے جن پر لاگت کا تخمینہ 40 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدے کے متعلق عثمان ڈار نے بتایا کہ سیالکوٹ میں 15 ارب روپے کے فنڈز سے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔

عثمان ڈار کے مطابق سینیٹیشن، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پارکس اور تعمیر و ترقی کے دیگر منصوبہ جات ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے معاہدے میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے پہلی بار تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی روپے میں بانڈ جاری کردئیے۔

قراقرم بانڈز کے اجراء سے 1 ارب 83 کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے، اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک نے7 روز قبل کہا کہ بانڈز کثیر الجہتی باڈی کے تعاون سے جاری کیے گئے ہیں جس کا پاکستان بھی رکن ہے۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا اہم اقدام، پہلی بار پاکستانی روپے میں بانڈ جاری

Related Posts