اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) ٹریننگ کا قومی اقدام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے اسٹریٹجک ریفارمز کو فوری طور پر سی پی آر تربیت سے متعلق اقدام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جامع حکمتِ عملی کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
وزیراعظم کے اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے بتایا کہ آئندہ ہفتے جامع حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آر نے دنیا بھر میں ایسی جگہوں پر بے شمار جانیں بچائی ہیں جہاں فوری طبی امداد محدود تھی۔
سی پی آر ایک جان بچانے والی تکنیک ہے جو مختلف ہنگامی حالات میں مددگار ثابت ہوتی ہے، جیسے کہ دل کا دورہ پڑنے یا ڈوبنے کے قریب، کسی کی سانس لینے یا دل کی دھڑکن بند ہونے کی صورت میں یہ تکنیک بہت کام آتی ہے۔
سلمان صوفی نے کہا کہ جان بچانے کے لیے سی پی آر کی تربیت کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا، جب کہ اس مہم کے تحت ہر شہری کو تربیت دی جائے گی تاکہ وہ سی پی آر تکنیک کے ذریعے جانیں بچا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے صحت کے شعبے میں میرٹ کو ترجیح دینے، بین الاقوامی معیار کی معیاری تعلیم کی فراہمی اور صوبہ پنجاب میں صحت کی سہولیات کیلئے تعمیر و ترقی یقینی بنائی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قومی سطح پر صحت اصلاحات پروگرام شروع کیا جبکہ جان بچانے کے لیے سی پی آر ٹریننگ مہم اس اصلاحاتی ایجنڈے کا پہلا مرحلہ تھا۔