کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کو بھی شدیدمندی کا رجحان دیکھنے کو ملا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید775.82پوائنٹس کی کمی سے39112.18پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دینے کے باعث74.24فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کوایک کھرب 44ارب57کروڑ4لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت40.51فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغازسے ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دباوٗ کے باعث مندی چھاگئی۔
جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 39ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے گرتے ہوئے38776 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیابعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس کی 39ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی۔
لیکن مندی آخر تک غالب رہی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس775.82پوائنٹس کی کمی سے 39112.18پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 346.92ائنٹس کی کمی سے 16403.45پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 619.35پوائنٹس کی کمی سے 27566.21پوائنٹس پربند ہوا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر396کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے87کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 294میں کمی اور15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم73کھرب99ارب62کروڑ91لاکھ روپے سے گھٹ کر72کھرب55ارب5کروڑ87لاکھ روپے ہوگیا۔