کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز (پیر کے دن) کے دوران 392.06 پوائنٹس کی مندی دیکھنے کوملی اور 45ہزار کی نفسیاتی حد نیچے آگئی۔
ملک میں جاری احتجاجی دھرنوں، ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے، موجودہ حالات میں غیر یقینی کی صورتحال کا سامنا رہا۔ جس کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ٹریڈنگ سے ہاتھ روکے ہوئے ہیں۔
رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران کاروبار کا آغاز ہی غیر یقینی صورتحال سے ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 639 پوائنٹس سے زائد کی مندی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم اس دوران مندی کی بریک لگ گئی۔
دن میں 12بجے کے بعداسٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی دیکھنے کو ملی اور ڈیڑھ بجے کے قریب دوبارہ انڈیکس 502.01 پوائنٹس کی گراوٹ تک پہنچ گیا تھا۔
تاہم آج کاروبار کے اختتام پر 392.06 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی اور 45 ہزار کی نفسیاتی حد گر گئی اور انڈیکس 44913.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
آج کے دن ٹریڈنگ کے دوران 0.87 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 13 کروڑ 12 لاکھ 49 ہزار 513 شیئرز کا لین دین کیا گیا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کے نقصان کاسامنا کرنا پڑا۔