کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس ) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کا آغاز منفی انداز سے شروع ہوا جو اختتام تک جاری رہا۔ 100 انڈیکس میں 1 ہزار 89 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
حصص کا بازار 1 ہزار 89 پوائنٹس کی کمی کے بعد 44 ہزار 431 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز 100 انڈیکس 1208 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، جبکہ انڈیکس کی آج کم ترین سطح 44 ہزار 312 پوائنٹس رہی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 52 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 23 ارب روپے سے زائد تھی۔
پی ایس ایکس کی مارکیٹ کا حجم 191 ارب روپے کی کمی کے بعد 7 ہزار 845 ارب روپے رہ گیا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں 408 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ، کاروبار کے دوران 37 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 359 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 12 کمپنیوں کے حصص کی قیمت برقرار رہی۔