کراچی: ملک میں تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ کے ملتوی ہونے کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر بھی پڑے، اسٹاک ایکسچینج میں ایک مرتبہ پھر 593.25 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، تیزی کے نتیجے میں 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
آج کل ملک بھر میں چھائی غیریقینی کی صورتحال میں بہتری کے بعد اور پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کے فیصلے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، سرمایہ کاروں کی جانب سے ٹریڈنگ میں دلچسپی کے باعث آج کاروباری روز کے دوران تیزی دیکھنے کو ملی۔
اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 466.76 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی گئی، اس زبردست تیزی کا تسلسل دوپہر بارہ بجے تک دیکھنے کو ملا جب اسٹاک مارکیٹ میں 671.2 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی۔
آج کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 45540.63 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر دیکھا گیا تھا، مگر کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور کاروبار کا اختتام 593.25 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا، تیزی کے باعث 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 45450.31 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز (بدھ) کے دوران تیزی کے باعث کاروبار میں 1.32 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 26 کروڑ 31 لاکھ 25 ہزار 791 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوااور سرمایہ کاروں نے بغیر خوف و خطر سرمایہ کاری کی۔