پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں ہمیں غیر معمولی پذیرائی ملی۔ امریکا نے ہمارے کردار کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےو فاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی کاز بھرپور انداز میں پیش کیا اور پاکستان نے نمایاں پذیرائی حاصل کی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے امن کی کاوشوں میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے اور یہ پاکستان کیلئے باعث فخر ہے کہ صدر ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں وزیراعظم اور فیلڈ ماشل کو سراہا۔
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم ملک بن کر ابھر رہا ہے اور یہ ملک کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور احترام کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔
وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس میں واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کیلئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے فلسطینی مؤقف کو مستحکم اور مدلل انداز میں پیش کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








