راولپنڈی: سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ریزو لوٹ سپورٹ مشن کے کمانڈر جنرل آسٹن ملر ہمراہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان میں امن عمل پر پیشرفت کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ملاقات کے دوران افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرتے رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے مشن کا کردار قابل تحسین ہے۔