تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے کر ٹرائی نیشن ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیتنے کیلئے 142 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم محمد نواز کی ہیٹ ٹرک کی بدولت 15.5 اوورز میں 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز اسکورکیے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 27، محمد نواز نے 25 اور سلمان آغا نے 24 رنز بنائے۔افغانستان کے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
افغانستان کی ٹیم 142 رنز کے ہدف کے تعاقب کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ پاکستان کے محمد نواز نے 19 رنز دے کر 5 وکٹس حاصل کیں۔ سفیان مقیم نے 9 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ابرار احمد 17 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرسکے۔ افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 17، صدیق اللہ اتل نے 13 جبکہ ابراہیم زدران نے 9 رنز بنائے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شارجہ میں کھیلے گئے فائنل میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی۔ سلمان مرزا کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سیریز میں 2 میچز کھیلے گئے، ایک میں پاکستان جب کہ دوسرے میں افغانستان کامیاب رہا۔میربان متحدہ عرب امارات کی ٹیم چار میں سے ایک میچ بھی جیت نہ سکی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








