اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر لوگوں کو چین سے نہیں نکال رہے ، پاکستان، خطے اور دنیا کے مفاد میں یہی بہتر ہے کہ ہم لوگوں کو وہاں سے نہ نکالیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے پریشان ہے اور یہ وائرس چین سمیت 15 ممالک میں پھیل چکا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ان ممالک کے افراد ماضی قریب میں چین سفر کرچکے ہیں تاہم پاکستان میں اب تک کرونا وائرس سے کوئی شخص متاثر نہیں ہوا ہے، چین میں اب تک 7831 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق اور 170 اموات ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ شہر ووہان میں کئی پاکستان طلبہ موجود ہیں جن میں 4 طلبہ میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی، ہم عجلت میں ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے نقصان اٹھانا پڑے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ، چین سے پاکستانی شہریوں کو نہ نکالنے کا معاملہ غیر زمہ داری نہیں بلکہ یہ ذمہ داری کا مظاہرہ ہے، اگر جلد بازی میں لوگوں کو نکالا تو وائرس دوسرے ممالک میں بھی پھیل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں کرونا وائرس کا بہترین علاج ہو سکتا ہے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا سے متاثرہ چین سے شہریوں کو واپس نہ بلانے کی سفارش کی ہے،ہم اس معاملے پر چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہاں کی حکومت نے وائرس کی روک تھام کے لیے جو پالیسی اپنائی ہوئی ہے وہ بہترین ہے اور ہمارا یہ خیال ہے کہ ایک ذمہ دار حکومت اور ہمسایہ ملک ہونے کے طور پر یہ بہت ضروری ہے کہ ہم ان کے ساتھ چلیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس، کسی ملک نے چین سے اپنے لوگ نہیں نکالے۔ترجمان دفترِ خارجہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








