لاہور: پاکستانی وفد روس سے سستا خام تیل خریدنے کے مشن پر ماسکو روانہ ہوگیا ہے، وفد کی سربراہی وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی وفد آج وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم کی سرکردگی میں لاہور ائیرپورٹ سے روانہ ہوا۔ وفد میں سیکریٹری پیٹرولیم اور دیگر متعلقہ حکام شامل تھے۔
گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ 900 ارب روپے تک پہنچ گیا
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ قیادت وفاقی حکومت کو روس سے سستا تیل برآمد نہ کرنے پر اپوزیشن کی سخت تنقید کا سامنا رہا ہے۔ پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تعلقات اور توانائی کے شعبہ جات پر گفتگو ہوگی۔
پاکستان اور روس اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر جلد کام شروع کرنے کیلئے مذاکرات کریں گے۔ پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور کے نزدیک تک تعمیر کی جائے گی۔
قبل ازیں پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کا نام نارتھ ساؤتھ پائپ لائن رکھا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روس سے سستا تیل حاصل کرنے سے وفاقی حکومت کو پیٹرولیم بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعلق اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے بھی ہے۔ اس لیے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی سستے تیل کا حصول بے حد اہمیت کا حامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








