بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کرکے انڈر 19ایشیا کپ اپنے نام کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف سے آج ملاقات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق شائقین کی بڑی تعداد نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی ٹیم کے استقبال اور سکیورٹی امور کا جائزہ لینے کیلئے ہوائی اڈے پر پہنچے۔ قومی ائیر لائن کی خصوصی پرواز اپنے مقررہ وقت ساڑھے 12بجے کی بجائے 1 بج کر 15منٹ پر وطن واپس پہنچی تھی۔
پاکستان انڈر 19 کی فاتح ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی عوام کا جم غفیر شاہنوں کو ویلکم کرنے لیے موجود #Pakistancricket #mohsinnaqvi #SameerMinhas #PAKvIND pic.twitter.com/MYaIzTzRAb
— asim riaz (@asimria00546651) December 21, 2025
شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے ٹیم کا سردی کے باوجود گرمجوشی سے استقبال کیا اور نوجوان شائقین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، سمیر منہاس اور دیگر کھلاڑیوں کے حق میں نعرے بازی بھی ہوئی۔ اس پرتپاک استقبال کے بعد قومی ٹیم خصوصی بس میں بیٹھ کر ہوٹل کی جانب روانہ ہوگئی۔
اس سے قبل قومی انڈر 19ٹیم نے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارت کو 191رنز کے طویل مارجن سے شکست دی۔ سمیر منہاس کی دھواں دھار اننگ کی بدولت پاکستان نے 8وکٹس کے نقصان پر 347رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ 50اوورز بھی مکمل نہ کھیل سکی اور 26.2اوورز میں 156رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف انڈر 19ٹیم کی کامیابی پر ان سے ملاقات کریں گے اور ان کے اعزاز میں آج عشائیہ بھی دیں گے۔ انڈر 19ٹیم کے مینٹور اور منیجر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی محنت انتھک رہی، انہیں رہنمائی اور اعتماد دینے پر انہوں نے توقع کے مطابق بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








