لبنان میں پھنسے ہوئے پاکستانی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی پہینچ گئے
(فوٹو: ای ٹریبیون)

اسرائیل کے حملوں کے دوران لبنان میں پھنسے ہوئے 71 پاکستانی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ لبنان اور شام میں پاکستانی سفارتخانوں کا محفوظ انخلاء میں اہم کردار رہا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے جانے والے 67 تارکینِ وطن لبنان سے سڑک کے ذریعے دمشق پہنچے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانیوں کو بھی خصوصی پرواز میں سوار کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے لبنان اور شام میں پاکستانی سفارت خانوں کے کردار کی تعریف کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لبنان اور شام میں پاکستانی سفارت خانوں نے پاکستانی تارکینِ وطن کا محفوظ انخلا یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کا سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ پاکستانیوں کو محفوظ شمالی بارڈر کراسنگ سے دمشق پہنچایا گیا تھا۔

دمشق سے پاکستانیوں کی کراچی آنے والی پرواز پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے لگ بھگ روانہ ہوئی تھی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری لبنان سے انخلا کرنے والے پاکستانیوں کا استقبال کرنے کیلئے خصوصی پرواز کی کراچی آمد کے وقت ائیرپورٹ پر پہنچ گئے تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی یقینی بنائی، سفارت خانوں نے بر وقت اقدام اٹھا کر پاکستانیوں کی فوری واپسی میں اپنا کردار ادا کیا۔ میں اسرائیلی بمباری کا شکار لبنانی شہریوں کیلئے بھی فکر مند ہوں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جنگ فلسطین سے لبنان تک پھیل گئی مگر عالمی برادری نے خاموشی اختیار کرر کھی ہے۔ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف یک زبان ہو کر آواز بلند کریں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ بند ہوسکے۔ واضح رہے کہ لبنان میں پھنسے ہوئے مزید پاکستانیوں کو بھی وطن واپس پہنچایا جائے گا۔

Related Posts