لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم آج 26 سال کے ہو گئے، مداحوں کی جانب سے مبارکبادیں دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
26 سالہ کرکٹر 15 اکتوبر 1994 کو لاہور میں پیدا ہوئے، بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز 31 مئی 2015 کو زمبابوے جبکہ 13 اکتوبر 2016 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، مڈل آرڈر بیٹسمین نے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 7 ستمبر 2016 کو انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
بابر اعظم ون ڈے میں سب سے تیز ترین 1000 رنز بنانے والے بلے باز ہیں ، ون ڈے میں سب سے تیز 2 ہزار رنز بنانے والے بلے باز اور ون ڈے میں 3000 رنز بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔ پہلی 25 ون ڈے اننگز کے بعد دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔
کسی بھی ایک ٹورنامنٹ میں لگاتار تین نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی بابر اعظم کے پاس ہے ، بابر اعظم 2020 میں سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں، انہوں نے 942 رنز بناکر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا جبکہ بابر اعظم کے بعد ایلکس ہیلز سال 2020میں 895 رنز بنا چکے ہیں ، یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب بابر اعظم نے ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔