فلسطینی ذرائع نے حماس ترجمان ابوعبیدہ کی شہادت کی تصدیق کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو عرب نیوز

اسرائیل نے ایک حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کو شہید کر دیا ہے۔

العربیہ  کے مطابق فلسطینی ذرائع نے کہا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں زمین، فضا اور سمندر سے میزائلوں کی بارش کردی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 77 افراد شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 63 ہزار 371 تک پہنچ گئی۔

اسرائیل فوج نے غزہ پر حملے میں القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی ذرائع نے القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایک فلیٹ کو نشانہ بنایا جس میں ابو عبیدہ موجود تھے، اور اس فضائی حملے میں اپارٹمنٹ میں موجود تمام افراد شہید ہو گئے، فلسطینی ذریعے نے مزید کہا کہ ابو عبیدہ کے اہلِ خانہ اور القسام قیادت نے لاش کی شناخت کے بعد ان کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ غزہ میں حماس کی ایک نمایاں شخصیت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائی ادرعی نے ’ایکس‘ پیغام میں لکھا کہ غزہ شہر کے شمالی حصے میں حماس کے ایک ”مرکزی رکن“ پر فضائی حملہ کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس کارروائی کا ہدف القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ تھے اور ان کے مطابق 95 فیصد امکان ہے کہ یہ کارروائی کامیاب رہی ہے۔

اسرائیلی چینل 12 نے بتایا تھا کہ ابو عبیدہ کی موجودگی کی ابتدائی معلومات جمعہ کی شام ملی تھیں اور ہفتہ کی شام ساڑھے 5 بجے یہ کارروائی انجام دی گئی۔

نیتن یاہو کے مطابق غزہ آپریشن کے دوران ایک اور اسرائیلی قیدی کی لاش مل گئی ہے، حماس کی قید میں موجود اسرائیلیوں کی تعداد 48 رہ گئی۔

Related Posts