کوئٹہ: صوبہ بلوچستان سے دادو جانے والی مسافر کوچ تیزرفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ آج صبح کے وقت خضدار میں کھوڑی کے مقام پر پیش آیا، بس کے 15 مسافر موقعے پر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد متعدد افراد ہسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
حادثے کے وقت مسافر کوچ وڈھ سے سندھ کے شہر دادو جارہی تھی۔ کھوڑی کے مقام پر پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں 50 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو اور لیویز اہلکار حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔
امدادی کارروائیوں کے دوران حادثے میں زخمی ہونے والے افراد اور میتیں خضدار کے ٹیچنگ ہسپتال میں منتقل کی گئیں۔ متعدد افراد طبی امداد مہیا کیے جانے کے دوران جاں بحق ہوئے جس سے مجموعی اموات 23 ہوگئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث مسافر کوچ پر قابو برقرار نہ رکھ سکا جو الٹ کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پنوں عاقل میں ملتان سے کراچی آنے والی مسافر کوچ تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
یہ افسوسناک حادثہ گزشتہ ماہ 20 مئی کے روز پنوں عاقل کے علاقے سانگی میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 30 زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: ملتان سے کراچی آنے والی مسافر کوچ الٹ گئی، 13 افراد جاں بحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








