قسمت آزمانے کا سنہری موقع آگیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہترین نوجوان کرکٹرز سامنے لانے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔
لاہور میں منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی اور کریسنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول و کریسنٹ گرائمر اسکول کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے ساتھ کٹ بیگز بھی تقسیم کیے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ یہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ملک بھر کے تمام صوبوں میں بیک وقت شروع ہو رہا ہے، جس میں 391 اسکول شریک ہوں گے۔ ان میں 175 سرکاری جبکہ 218 نجی اسکول شامل ہیں۔ یہ ایونٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کرکٹ کی دنیا میں نام کمانے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف سے نئے کرکٹ سٹارز کی تلاش ہے۔ امید ہے کہ ٹورنامنٹ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو پاکستان ٹیم میں شامل ہوکر ملک کا نام روشن کریں گے۔
ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے سکولوں سے کرکٹ سٹارز ابھریں گے۔ چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ میں نے کریسنٹ ماڈل ہائیر سکول میں تعلیم حاصل کی۔ اس سکول سے بہت سے یادیں وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ٹیلنٹ کی تلاش کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور نوجوانوں کو روایتی ڈھانچے کے علاوہ تعلیمی اداروں سے سامنے لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ طلبا کو تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ کرکٹ میں کیریئر بنانے کا موقع ملے گا۔
مجھے امید ہے کہ تمام سکول بہترین ٹیلنٹ سامنے لائیں گے اور ہم اچھے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔ پی سی بی ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرے گا اور بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انڈر15،انڈر17 اور انڈر 19 ریجنل ٹیموں اور اکیڈمیوں میں شامل کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








