بھارت میں توہین رسالت، فلسطینی بھی سراپا احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت نے بھی بھارتی حکمران جماعت (بی جے پی) کے دو رہنماؤں کی طرف سے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شاتم رسول ہندو لیڈروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے رہ نما فتحی حماد نےایک بیان میں کہا کہ بھارتی لیڈروں کے توہین آمیز ریمارکس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ متنازع اور توہین آمیز بیان دینے والوں کو عالمی سطح پر مواخذہ سے گزارا جانا چاہیے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔

فلسطینی رہنما نے بھارت کی حکمران انتہاپسند قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل ترجمان کی جانب سے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پرمبنی بیانات کی شدید مذمت کی۔ پاکستان سمیت عالم اسلام نے ان توہین آمیز بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں بھارت کی حکمران جماعت نے اعلان کیا کہ اس نے ترجمان نوپورشرما کوپیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک ٹی وی مباحثے کے دوران میں توہین کرنے پر معطل کردیا ہے اور جماعت کے اسی حکم کے تحت بی جے پی کی دہلی شاخ کے ترجمان نوین کمارجندال کی بنیادی رُکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔

سعودی عرب اور دیگرعرب ممالک میں ٹویٹر پر مودی اور بی جے پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ گزشتہ دن ٹرینڈ کرتا رہا۔ ٹرینڈ میں عرب دنیا کے ٹوئٹر صارفین نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی پر بھارتی حکومت سے عوامی معافی مانگنےاور عرب ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔

Related Posts