لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی میں ان کے چیمبر میں صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوامی نمائندوں کے علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پوری توجہ دے رہے ہیں، عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں – میرے دروازے آپ سب کے لئے کھلے ہیں اورعوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں،ہم تشہیر کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔موجودہ بجٹ میں ہر علاقے کی یکساں ترقی پر فوکس کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا نئے دور میں داخل ہوچکی ہے۔ افسوس کا امر ہے کہ پاکستان کی اپوزیشن ماضی میں ہی زندہ ہے، کورونا وباء کا پاکستانی اپوزیشن پر کوئی اثر نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماء پہلے بھی تنقید برائے تنقید کرتے تھے اورآج بھی اسی روش پر چل رہے ہیں،22کروڑ پاکستانی عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔آج واویلا کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کو بری طرح نظرانداز کیا او ر یہ لوگ اپنے دور میں ایک بھی ہسپتال ایسا نہیں بنا سکے جہاں یہ اپنا علاج کراسکیں۔
ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ شعبہ صحت پر دی ہے۔صحت کے بجٹ میں جتنا اضافہ تحریک انصاف کے دور میں ہوا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنا قابل مذمت ہے۔