نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے پشاور ائیرپورٹ پر خواتین اسٹاف اور مسافروں کی مبینہ نازیبا ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے پشاور ائیرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اے ایس ایف کی خواتین اسٹاف اور مسافروں کی بغیر اجازت ویڈیوز بنائیں۔
سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق ملزم پر خواتین اسٹاف اور مسافروں کی ویڈیوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرنے کا بھی الزام ہے۔ ملزم کو حراست میں لینے کے بعد تلاشی لی گئی تو گرفتار ملزم کے قبضے سے 2موبائل فونز برآمد ہوئے جن میں سے ایک میں ائیرپورٹ کی متعدد ویڈیوز اور فعال ٹک ٹاک آئی ڈیز پائی گئیں۔
ملزم نے جعلی ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر خواتین اسٹاف اور مسافروں کی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ ملزم نے خواتین کی رضامندی کے بغیر ویڈیوز بنائی تھیں۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








