افریقی ملک گھانا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کر نے والے ایبو نوح کو گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے جی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ گھانا پولیس نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایبونوح کی گرفتاری ان کے جاری اقدامات کا حصہ ہے، جس میں سائبر سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے بیانات یا پیش گوئیوں کو کنٹرول کرنا شامل ہے۔
پولیس نے اس موقع پر یہ واضح کیا کہ فی الحال نوح پر لگائے گئے مخصوص الزامات یا ان کے رویے کی نوعیت عوام کے سامنے نہیں لائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایبو نوح نے گزشتہ مہینوں میں عالمی توجہ حاصل کی تھی جب انہوں نے ایک بڑا لکڑی کا کشتی نما ڈھانچہ بنایا اور پیش گوئی کی کہ 25 دسمبر سے دنیا پر طوفان آئے گا۔
انہوں نے عوام کو اس آفت سے پہلے توبہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کے بیان اور کشتی کی ویڈیوز نے گھانا اور دیگر ممالک سے زائرین کو متوجہ کیا۔
تاہم ایبو نوح نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ متوقع آفت واقع نہیں ہوئی کیونکہ انہیں نعوذباللہ خدا کی طرف سے نئی وحی موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ دنیا بھر کے لوگ کشتی میں پناہ لینے آئے تو اس کی گنجائش سے زیادہ ہوگئے، انہوں نے مزید وقت مانگا تاکہ اضافی کشتیاں بنائی جاسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








