پشاور: یونیورسٹی آف پشاور نے پینٹ شر ٹ اور چست لباس پر پابندی عائد کرتے ہوئے طالبات کے لئے شلوار قمیض کو لازمی قراردیدیا ہے،طالبات کو ڈریس کوڈ کی پابندی کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین کو لازمی طور پرقمیض کے ساتھ سفید رنگ کی شلوار پہننی چاہئے جبکہ لڑکوں کو بھی اچھے لباس پہننے چاہئیں،یونیورسٹی نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ والدین پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے ڈریس کوڈ لاگو کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل ہزارہ یونیورسٹی نے طلبہ، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کے لئے نیا ڈریس کوڈ جاری کیا تھا، یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں خواتین اور مرد دونوں طالب علموں کو نئی ڈریس کوڈ پالیسی کے تحت مخصوص لباس پہننے کی پابندی لاگوکردی گئی تھی۔
دوسری طرف طالبات کو عبایا ، حجاب اور اسکارف پہننے کی ترغیب دی جارہی ہے لیکن یونیورسٹی نے انھیں جینز ، ٹی شرٹ، میک اپ اور زیورات پہننے سے منع کیا ہے۔ خواتین طالبات مکمل آستین اور شلوار کے ساتھ قمیض پہن سکتی ہیں ٹائٹس پہننے کی اجازت نہیں ہے۔