لاہور: سبزہ زار میں پالتو شیر نے 8سالہ بچے کا بازو چبالیا

تازہ ترین

تازہ ترین

پالتو شیر
(فوٹو: آن لائن)

لاہور کے علاقے سبزہ زار میں پالتو شیر نے 8 سالہ بچے کا بازو چبا لیا، واقعے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوجانے والے بچے کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سبزہ زار کے ایک بریڈنگ فارم میں پیش آیا۔ ڈی ائی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق بچے کی شناخت واجد علی کے نام سے ہوئی جبکہ حملہ شیروں کے نامناسب پنجروں اور مالکان کی غفلت کے باعث ہوا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے شیروں کے قریب چلے گئے تھے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کے فوری بعد بچے کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے جان بچانے کیلئے بچے کا بازو کاٹ کر الگ کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بچے کو مزید طبی امداد کیلئے گنگا رام ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بچے کو ہسپتال لے جا کر ڈاکٹرز کو شیر کے کاٹے کی اطلاع دینے کی بجائے گمراہ کیا گیا۔ ہسپتال لے جانے والوں کا کہنا تھا کہ بچے کا ہاتھ مشین میں آگیا ہے۔

تاہم بچے کے علاج کیلئے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ قائم کیا گیا ہے، جس میں شامل ایم ایس گنگا رام ہسپتال کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتال میں بچے کے بازو کی سرجری کی گئی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مالکان نے واقعہ پولیس سے چھپانے کی کوشش کی تھی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts