امریکا میں پیٹرول کی قیمت 5 ڈالر فی گیلن (3.7 لیٹر) سے تجاوز کر گئی، پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آج سے امریکا میں ایک گیلن پیٹرول 5.004 ڈالر پر فروخت ہوگا، گزشتہ روز یہ قیمت 4.986 ڈالر تھی۔
ایندھن کی بڑھتی قیمتیں صدر جو بائیڈن اور ڈیموکریٹس کے لیے مشکلات کھڑی کر رہی ہیں کیونکہ نومبر میں وسط مدتی انتخابات ہونے والے ہیں۔
صدر بائیڈن نے قیمتیں کم رکھنے کے لیے امریکا کے ذخیرہ کردہ پیٹرول سے سیکڑوں بیرل مارکیٹ میں شامل کیا، پیٹرول کمپنیوں کو کئی رعایتیں دیں اور اوپیک ممالک کو تیل کی پیداوار بڑھانے کے لیے راضی کیا۔
ان سب اقدامات کے باوجود دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ تیل کی طلب زیادہ ہے اور روس پر یوکرین جنگ کی وجہ سے تیل فروخت کرنے پر پابندی ہے۔
امریکا کے محکمہ انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق پچھلے ہفتے تک ملک میں پیٹرول کی یومیہ طلب 92 لاکھ بیرل تھی۔