پاکستان پیٹرولیم ایسوسی ایشن نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55روپے اضافے کے معاملے پر ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عید کے بعد ملک گیر ہڑتال کرے گی۔ وائس چیئرمین پی پی ڈی اے طارق حسن کا کہنا ہے کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں تیل کی قیمت میں اضافہ کیا۔ پیٹرولیم لیوی میں 21روپے بڑھائے گئے، باقی کے 36روپے فی لیٹر کس کی جیب میں جارہے ہیں؟
وائس چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 55روپے کے اضافے پر شفاف تحقیقات کی جائیں۔ ہمارے مارجن کو 2 سال قبل بڑھانے کا وعدہ تو کیا تھا، لیکن اب تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ 55 روپے فی لیٹر تیل مہنگا ہونے سے تیل کیلئے ہماری لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔
طارق حسن نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شفاف تحقیقات نہ ہوئیں اور ہمارے مارجن میں اضافہ نہ کیا گیا تو 26 مارچ سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








