پانچ سالہ بیٹے کو قتل کرکے مخالفین کو پھنسانے کا منصوبہ! باپ کی سفاک سازش بے نقاب، چچا بھی گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

لاہور میں پانچ سالہ بچے کے بہیمانہ قتل کا معمہ ایک ہولناک انکشاف کے ساتھ حل ہوگیا۔ ابتدائی طور پر یہ واقعہ اغوا معلوم ہوتا تھا تاہم تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مبینہ طور پر بچے کا اپنا باپ ہی اس جرم کے پیچھے تھا جس نے ذاتی دشمنی نکالنے اور اپنے مخالفین کو پھنسانے کے لیے قتل کی منصوبہ بندی کی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچ سالہ اذان جو چوہنگ کے علاقے سے لاپتا ہوا تھا اس کی لاش ایک روز قبل صنعتی علاقے کے قریب کھیتوں سے برآمد ہوئی۔ پولیس حکام نے تحقیقات کے دوران پولیس نے بچے کے والد اعظم کو شبہ کی بنیاد پر حراست میں لیا۔ دورانِ تفتیش اس نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے کے قتل کا اعتراف کر لیا۔

ابتدائی طور پر بچے کی والدہ شازیہ بی بی کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کرتے ہوئے متعدد افراد سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد یہ چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا کہ مرکزی ملزم خود باپ ہی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے اپنے بیٹے کو قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو ویران مقام پر پھینک دیا تاکہ واقعے کو ذاتی دشمنی سے جڑے اغوا کا رنگ دیا جا سکے۔

متاثرہ بچے کی بہن کے مطابق اذان قریبی دکان پر جانے کے لیے گھر سے نکلا تھا لیکن واپس نہیں آیا جس پر اہلِ خانہ نے تلاش شروع کی اور بعد میں رپورٹ درج کروائی۔

حکام کے مطابق ملزم کا حویلی لکھا کے علاقے میں اپنے ایک مخالف غلام رسول کے ساتھ مالی تنازع چل رہا تھا۔ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ باپ نے اپنے مخالف کو اس مقدمے میں پھنسانے کے لیے یہ خوفناک منصوبہ بنایا۔

ملزم کے بھائی ندیم کو بھی قتل کی منصوبہ بندی میں مبینہ طور پر ملوث قرار دیا گیا ہے جسے گرفتار کرکے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ آلۂ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق یہ خاندان تقریباً چھ ماہ قبل حجرہ شاہ مقیم سے لاہور منتقل ہوا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مقامی افراد ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Related Posts