سردیاں قریب آتے ہی ملک بھر بالخصوص کراچی کا موسم خوشگوار ہوچکا ہے۔ ہلکی ٹھنڈی ہواؤں اور نرم دھوپ نے خوشگوار احساسات جگا دیے ہیں، ایسے میں ہر کوئی چاہتا ہے کہ ویک اینڈ پر کہیں آؤٹنگ کیلئے نکلے، تازہ ہوا میں سانس لے اور قدرت کے مناظر سے لطف اندوز ہو۔
کراچی جیسے مصروف شہر میں رہنے والوں کیلئے تفریح کے کئی مقامات شہر کے اندر بھی موجود ہیں، مگر حالیہ دنوں میں کراچی کے قریب بلوچستان اور اندرون سندھ کے کئی علاقے کراچی کے شہریوں کیلئے نئے سیاحتی مراکز کے طور پر تیزی سے ابھرے ہیں۔
یہاں ہم کراچی سے محض ڈیڑھ سو کلومیٹر کے دائرے میں بلوچستان کے کئی ایسے دلکش، قدرتی حسن سے بھرپور مقامات کا ذکر کریں گے، جہاں ایک دن کی روڈ ٹرپ کے ذریعے خوبصورت یادیں سمیٹی جا سکتی ہیں۔
کنراج وادی
کنراج وادی، جو لسبیلہ کے شمال مشرق میں کیرتھر پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ہے، اپنے قدرتی چشموں، جھرنوں، پتھریلے دروں اور سرسبز مناظر کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں کا نیلگوں پانی اور پہاڑی فضا ہر آنے والے کو مسحور کر دیتی ہے۔
کنراج کے قریب موجود دُدّر مائن پاکستان کی سب سے بڑی سیسہ و زنک کی کان ہے، جس کی وجہ سے اس علاقے کی جغرافیائی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔
ساندھ فقیر
اسی وادی کے قریب ساندھ کا علاقہ واقع ہے، ایک خاموش مگر دلکش مقام، جہاں قدرتی چشمے، نیلے تالاب اور پتھریلی چٹانیں فوٹوگرافروں اور ایڈونچر کے شوقین افراد کیلئے جنت سے کم نہیں۔
حالیہ عرصے میں ساندھ فقیر کا یہ علاقہ سوشل میڈیا پر بھی خاصا مشہور ہوا ہے، جہاں قدرت کے حسین رنگوں کو کیمرے میں قید کرنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
حب ڈیم
کراچی کے قریب واقع حب ڈیم بھی ایک اور پرکشش مقام ہے۔ شہر سے صرف 56 کلومیٹر کے فاصلے پر سندھ بلوچستان کی سرحد پر واقع یہ ڈیم پانی کے ذخیرے کے ساتھ ساتھ کشتی رانی، پکنک اور برڈ واچنگ کیلئے مشہور ہے۔ یہاں کا سکون اور فضا کی خنکی شہری زندگی کے شور سے عارضی بریک لینے والوں کیلئے ایک بہترین پناہ گاہ ہے۔
گڈانی بیچ
گڈانی بیچ بھی کراچی کے قریب ایک پُرسکون ساحلی مقام ہے، جہاں پہاڑ، نیلا سمندر اور جہاز توڑنے کا مشہور (شپ بریکنگ) یارڈ ایک منفرد منظر تخلیق کرتے ہیں۔ یہاں شام کے وقت سورج ڈوبنے کا منظر سیاحوں کو دیر تک وہیں ٹھہرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔
سونمیانی بیچ
بلوچستان کا ایک اور دلکش ساحلی مقام سونمیانی بیچ ہے، جو کراچی سے تقریباً 145 کلومیٹر دور واقع ہے۔ اس کا شفاف نیلا پانی اور نرم ریت اسے بلوچستان کے نمایاں ترین بیچز میں شامل کرتے ہیں۔
کنڈ ملیر
اور اگر آپ قدرتی خوبصورتی کے ساتھ لمبے ساحل اور سنہری ریت دیکھنا چاہتے ہیں تو کنڈ ملیر آپ کیلئے بہترین انتخاب ہوسکتا ہے۔ گوادر کی طرف جانے والی شاہراہ پر واقع یہ مقام کراچی سے تقریباً 150 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اسے پاکستان کے سب سے حسین ساحلی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس طرح کراچی سے چند گھنٹوں کی مسافت پر بلوچستان کے یہ سیاحتی مقامات کراچی کے شہریوں کو ایک دن میں قدرت کے بے مثال مناظر، سکون اور تازگی کشید کرنے کا بہترین ذریعہ بن سکتے ہیں اور ایک ایسی آؤٹنگ کو وجود بخش سکتے ہیں جو یادوں میں ہمیشہ کیلئے نقش رہ جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








